ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے رُک گئے، وجوہات کیا؟ آغاز کب ہوگا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

ایم بی بی ایس
(فوٹو: فیس بک)

اسلام آباد: یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (یو ایچ ایس) نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے روک دئیے ہیں جس کی وجوہات کا تعلق عدالتی فیصلوں سے ہے۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے سرکاری میڈیکل کالجز میں 21 اکتوبر جبکہ نجی میڈیکل کالجز میں 5 نومبر کے روز داخلوں کا اعلان کیا، تاہم داخلوں کا عمل ہائیکورٹ فیصلوں کے باعث روک دیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق داخلوں کے نئے شیڈول کا اعلان پی ایم ڈی سی کی جانب سے کیا جائے گا۔ سندھ ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے داخلے کرنے سے روک دیا تھا، تاہم داخلوں کا شیڈول عدالتی احکامات نظر انداز کرکے جاری کیا گیا۔

بعد ازاں توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، جس پر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر نے داخلوں کا شیڈول واپس لے لیا۔ شیڈول واپس لیے جانے کے بعد ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس میں داخلوں کا عمل روک دیا گیا ہے۔

عدالتی فیصلے کی وجوہات

سندھ ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے حال ہی میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کے عمل کو روکنے کا حکم دیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وجہ سے کیا گیا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کے امتحان کے پیپر کے لیک ہونے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

کراچی کی سندھ ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پیپر وقت سے پہلے لیک ہوا اور اس کی معلومات مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر فروخت کی گئیں، جس کے نتیجے میں میرٹ متاثر ہوا ہے​۔

داخلے کب شروع ہوں گے؟

اس کے علاوہ عدالت نے کہا ہے کہ داخلوں کا عمل اس وقت تک روک دیا جائے گا جب تک کہ ایک مکمل انکوائری نہ ہو جائے۔ سندھ حکومت نے اس معاملے کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو 15 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی​۔رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی صورتحال کسی حد تک واضح ہوسکتی ہے۔

Related Posts