سوشل میڈیا پر ایک جعلی ایم ڈی کیٹ 2025 کا پرچہ وائرل ہو گیا ہے جسے سیبا ٹیسٹنگ سروس نے فیک قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پرچہ امیدواروں کو گمراہ کرنے کی سازش ہے۔ آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر نے بھی تاکید کی کہ طلبہ اس جعلی پرچے پر دھیان نہ دیں، نقل مافیا ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتی اصل پرچہ ابھی تک جاری نہیں ہوا اور نہ ہی ہوگا۔
دوسری جانب پاکستان اور بیرون ملک پاکستانی طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ 2025 کا امتحان جاری ہے۔ اس امتحان میں ملک بھر اور سعودی عرب کے ریاض میں قائم بین الاقوامی مرکز پر 1,40,125 سے زائد امیدوار شریک ہیں۔
امتحان کی تفصیلات؛
ملک بھر میں 35 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
سعودی عرب میں ایک بین الاقوامی مرکز بھی بنایا گیا ہے تاکہ بیرون ملک مقیم طلبہ آسانی سے امتحان دے سکیں۔
امتحان صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بجے تک جاری ہے اور اس کے کل نمبر 180 ہیں۔
اہم مراکز اور تعداد؛
اسلام آباد: ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل یونیورسٹی اور بحریہ یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں امیدوار شریک ہیں۔
پنجاب: 12 شہروں میں 27 مراکز پر امتحان ہو رہا ہے، تقریباً 50,000 امیدوار شریک ہیں جن میں 13,000 لڑکے اور 37,000 لڑکیاں شامل ہیں۔ لاہور میں سب سے زیادہ، تقریباً 12,000 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
سندھ؛ کراچی کے ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس اور NED یونیورسٹی کے علاوہ حیدرآباد، جامشورو، شہید بینظیرآباد، میرپورخاص، لاڑکانہ، جیکب آباد اور سکھر میں امتحان ہو رہا ہے۔
خیبر پختونخوا: صوبے کے سات اضلاع میں امتحان لیا جا رہا ہے جن میں پشاور، مردان، سوات، لوئر دیر، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور ایبٹ آباد شامل ہیں۔ تقریباً 39,981 امیدوار امتحان دے رہے ہیں۔
سیکیورٹی اور ہدایات؛
تمام مراکز پر سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہے۔
امتحانی مراکز کے اطراف سیکشن 144 نافذ ہے تاکہ غیر قانونی داخلے کو روکا جا سکے۔
یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز (UHS) کے سینئر فیکلٹی اور افسران امتحان کے دوران نگرانی کر رہے ہیں۔
امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنا ایڈمٹ کارڈ اور شناختی کارڈ ساتھ لائیں اور وقت پر پہنچیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








