ایک ہفتے تک جاری رہنے والے پراسرار اشاروں اور ٹیزرز کے بعد جنہوں نے جنوبی ایشیا کی موسیقی کی دنیا میں خاصی ہلچل مچا رکھی تھی، پاکستانی پاپ اسٹار میشا شفیع نے باضابطہ طور پر اپنے اگلے بڑے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔
گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنے نئے اور مشترکہ گانے “سچے لوکی” کا انکشاف کیا، جس میں بھارتی گلوکار اور نغمہ نگار تلویندر بھی شریک ہیں۔ یہ گانا جمعہ 19 دسمبر 2025 کو ریلیز ہوگا۔
اس اعلان کے ساتھ ہی مداحوں کی جانب سے کی جانے والی قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا، جو 8 دسمبر سے شروع ہوئیں تھیں، جب میشا شفیع نے ایک کور شوٹ کی ویڈیو شیئر کی تھی جس کے پس منظر میں تلویندر کا گانا چل رہا تھا۔
اپنے منفرد اور جدید انداز کے لیے مشہور میشا شفیع، جنہوں نے حال ہی میں اپنا پہلا البم “کھلنے کو” کامیابی سے ریلیز کیا، اس بار تلویندر کے ساتھ مل کر سامنے آ رہی ہیں۔ تلویندر کے گانے، جیسے “وشز”، پاکستانی اسٹریمنگ چارٹس میں مسلسل سرفہرست رہے ہیں۔
گانے کے آفیشل کور آرٹ میں دونوں فنکار ایک مکمل سورج گرہن کے ڈرامائی پس منظر میں ایک دوسرے کی پشت سے پشت ملا کر کھڑے دکھائی دیتے ہیں۔
ابتدائی اشارے بتاتے ہیں کہ یہ ایک جاندار گانا ہوگا، جس میں میشا شفیع کی گہری اور فکری شاعری کو تلویندر کے جدید پنجابی انداز کے ساتھ یکجا کیا گیا ہے۔
یہ اشتراک میشا شفیع کے کیریئر کے ایک اہم مرحلے پر سامنے آ رہا ہے۔ رواں سال اپنا پہلا مکمل البم ریلیز کرنے کے بعد وہ 2026 کے گریمی ایوارڈز کے لیے تین مختلف کیٹیگریز میں اپنا کام جمع بھی کرا چکی ہیں۔
“سچے لوکی” بظاہر ان کے اسی مشن کا تسلسل ہے، جس کے تحت وہ تخلیقی سرحدوں کو آگے بڑھانے اور سرحد پار موسیقی کے اشتراک کو فروغ دینا چاہتی ہیں۔
ریلیز کی تفصیلات:
گانے کا نام: سچے لوکی
فنکار: میشا شفیع فیچرنگ تلویندر
ریلیز کی تاریخ: جمعہ، 19 دسمبر 2025
پلیٹ فارم: تمام بڑے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز (اسپاٹی فائی، یوٹیوب، ایپل میوزک)
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








