ایم ایم نیوز آج اپنے قارئین کیلئے کراچی کے ایک ایسے شربت فروش کا انتخاب کیا ہے جو قوت سماعت و گویائی سے محروم ہے لیکن پچھلے 16 سال سے کراچی میں تربوز کے شربت اور لیموں پانی سے شہریوں کو گرمی میں تازگی کا احساس دلارہا ہے۔
بہادرآباد چار مینار کے قریب شربت فروخت کرنیوالے اس شخص خیر الرحمان نے اشاروں میں بتایا کہ میں 16 سال سے شربت فروخت کررہا ہوں اور کبھی کوئی غریب آجائے تو اس کو مفت میں شربت پلادیتا ہوں اور اکثر پولیس اہلکار بھی آتے ہیں جو شربت پی کر چلے جاتے ہیں۔
خیر الرحمان نے بتایا کہ ان کی 5 بیٹیاں اور ایک بیٹاہے اور ان کا کہنا تھا کہ میں محنت مزدوری پر یقین رکھتا ہوں ، کبھی بھیک نہیں مانگی اور اگر یہ کاروبار ختم بھی ہوگیا تو میں محنت مزدوری کروں گا کبھی کسی کے سامنے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا۔
یہاں شربت پینے والے لوگوں نے بتایا کہ ہم اکثر یہاں شربت پینے کیلئے آتے ہیں اور ان کا اخلاق ہمیں بار بار یہاں لے آتا ہے۔