انسانی عمر میں 5سال تک اضافہ کرنیوالا صحت کا نایاب راز دریافت

تازہ ترین

تازہ ترین

زندگی کا راز دریافت
(فوٹو: پکسا بے)

سائنسدانوں نے انسانی عمر میں 5سال تک اضافہ کرنیوالا صحت کا نایاب راز دریافت کرلیا ہے جبکہ یہ راز آسٹریلیا اور کینیڈا کے محققین کی ٹیم کو بہت کوشش اور محنت کے بعد ہاتھ آیا۔

تفصیلات کے مطابق محققین کی ٹیموں نے مختلف افراد کے ڈیٹا پر گہری تحقیق و تفتیش سے یہ راز دریافت کیا کہ جو لوگ مسلسل دوڑ لگانے کو اپنا وطیرہ بنائے رکھتے ہیں اور زندگی بھر صحت کو بہتر کرنے کیلئے جسم کو محنت ومشقت میں ڈالتے ہیں، وہ عام انسانی آبادی کے مقابلے میں 5سال زیادہ جیتے ہیں۔

برطانوی جرنل برائے اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں ایروبک فٹنس کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے جس سے 4 منٹ میں 1 میل تک دوڑ لگانے اور مسلسل بھاگتے رہنے کے مابین تعلق بھی دریافت کرلیا گیا۔ پروفیسر مارک ہیکوسکی کا کہنا ہے کہ 4 منٹ میں 1 میل تک دوڑنا انسانی صحت کیلئے بہت مفید ہے۔

ملٹی نیشنل محققین کی ٹیموں نے پہلے 200 سب فور منٹ مائلرز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا جو 1928 اور 1955 کے مابین مختلف ممالک میں پیدا ہوئے جن میں برطانیہ، آسٹریلیا، فرانس، نیوزی لینڈ اور امریکا کے شہری شامل تھے۔ پروفیسر آندرے کا کہنا ہے کہ دوڑ کے باعث ایسے افراد کو زندگی میں 5سال کے علاوہ اور بھی بہت کچھ ملتا ہے۔

پروفیسر آندرے نے کہا کہ  ایسے افراد جن کو ایلیٹ ایتھلیٹس قرار دیا جاسکتا ہے نہ صرف باقی آبادی سے طویل زندگی جیتے ہیں بلکہ ان کی زندگی میں اچھی صحت بھی شامل ہوتی ہے جو بڑھاپے کے دوران بھی ان کاساتھ نہیں چھوڑتی جبکہ اس دوران مسلسل ایروبک ورزش سے صحت اور زندگی کی طوالت حاصل کی جاسکتی ہے۔

خیال رہے کہ 4 منٹ سے کم وقت میں ایک میل تک دوڑنا کسی عام انسان کے بس کی بات نہیں ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اتنے کم وقت میں 1 میل تک دوڑنے کیلئے انسانی جسم کی صلاحیت اور قوت کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ حکمتِ عملی اور اعلیٰ درجے کی مستقل مزاجی بھی درکار ہوتی ہے۔

Related Posts