بھارت کے سابق کھلاڑی ملکھا سنگھ کا کورونا کے باعث 91 برس کی عمر میں انتقال

تازہ ترین

تازہ ترین

بھارت کے سابق کھلاڑی ملکھا سنگھ کا کورونا کے باعث 91 برس کی عمر میں انتقال

نئی دہلی: بھارت کے سابق اولمپین ملکھا سنگھ کا کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث 91 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا ہے۔

اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کیلئے عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والے ملکھا سنگھ 1 ماہ سے کورونا کے باعث زیرِ علاج تھے۔ ہسپتال میں علاج کے دوران گزشتہ روز ملکھا سنگھ جان کی بازی ہار گئے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملکھا سنگھ کے بیٹے نے ٹوئٹر پر اپنے والد کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملکھا سنگھ کا انتقال ہوگیا جبکہ رواں ہفتے ملکھا سنگھ کی اہلیہ نرمل کور بھی وفات پا گئی تھیں۔

ملکھا سنگھ کی آنجہانی اہلیہ نرمل کور بھارتی والی بال ٹیم کی سابق کپتان تھیں جن کا انتقال کورونا کے باعث اتوار کی شام 4 بجے ہوا اور چندی گڑھ میں ان کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔

دی فلائنگ سکھ کے لقب سے مشہور ملکھا سنگھ نے بھارت میں 1935ء کے دوران آنکھ کھولی اور حصولِ علم کے بعد بھارتی فوج میں بھرتی ہو گئے۔ملکھا سنگھ کو متعدد بین الاقوامی اولمپکس میں بھارت کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کے باعث متاثرہ ممالک کی فہرست میں بھارت امریکا کے بعد دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 کروڑ 98 لاکھ 23 ہزار سے زائد لوگ کورونا کا شکار جبکہ 3 لاکھ 85 ہزار 167افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھارت میں کورونا وائرس سے 782 مزید شہری متاثر ہوئے تاہم بھارتی حکومت کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا کیسز کے مقابلے میں صرف 1 اعشاریہ 29 فیصد افراد ہلاک ہوئے جبکہ ہسپتال سے ڈسچارج ہونے والے مریضوں کی تعداد 96فیصد سے زائد ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شاہنواز دہانی کی شاندار کارکردگی، سلطانز نے قلندرز کو ہرادیا

Related Posts