کراچی:ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن فیروزآباد کی انٹیلیجنس بیس کارروائی کے دوران جعلی کرنسی استعمال کرنے والا گروہ گرفتار کرلیا گیا۔بڑی تعداد میں جعلی کرنسی بر آمد کرلی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان سے مبلغ ایک لاکھ 80 ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد کرلی گئی ہے، گرفتارملزمان کا ایک منظم گروہ ہے جن کا سرغنہ اسماعیل اور اس کے دو ساتھی میر نواز عرف مہناز اور محمد اویس شامل ہیں۔
ملزمان پشاور سے بذریعہ کورئیر جعلی نوٹوں کا پارسل منگواتے تھے اور کراچی کے مختلف علاقوں سے کوریئر سے پارسل وصول کرتے ہیں،گروہ کا سرغنہ اسماعیل جس کا تعلق کوہاٹ سے ہے متعدد بارپارسل منگوا چکا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمان جعلی کرنسی کو کراچی کے مختلف پٹرول پمپس اور مارکیٹوں میں چلاتے تھے،جعلی کرنسی میں ہزار روپے والا نوٹ استعمال کیا جاتا تھا۔
ملزم اسماعیل نے دوران تفتیش اعتراف کیا کہ میں ایک لاکھ والا جعلی نوٹوں کا پیکٹ 30 ہزار میں فروخت کرتا تھا،پشاور سے جعلی کرنسی پورے پاکستان میں بذریعہ کورئیر سروس بذریعہ بس کارگو ترسیل کی جاتی ہے۔
ایس ایچ او ماڈل پولیس اسٹیشن فیروز آباد کے مطابق تین ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، مقدمہ درج کرکے ملزمان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔