اولمپک گولڈ میڈلسٹ کی وراثت پر مودی کا وار! پدم شری ایوراڈ یافتہ محمد شاہد کا گھر منہدم

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

بھارتی حکومت نے پدم شری ایوارڈ یافتہ اور اولمپک ہاکی کے عظیم کھلاڑی محمد شاہد کے گھر کے کچھ حصے کو سڑک کی توسیع کے نام پر گرا دیا جس سے نہ صرف انکے خاندان میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے بلکہ سیاسی حلقوں میں بھی شدید تنقید کی جا رہی ہے۔

محمد شاہد کے بوڑھے والد اپنے گھر کو مسمار ہونے سے بچانے کے لیے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے نظر آئے۔ انہوں نے توڑ پھوڑ کے عملے سے صرف ایک دن کی مہلت مانگی مگر ان کی بات سننے والا کوئی نہیں تھا۔

چند دن پہلے چیف جسٹس آف انڈیا جسٹس بی آر گوائی نے کہا تھا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے نہ کہ بلڈوزر کی، مگر اس واقعے نے اس بات کو شدید چیلنج کر دیا ہے کہ اگر بلڈوزر انصاف نہیں تو پھر انصاف کیا ہے؟

محمد شاہد کے گھر کا یہ واقعہ بی جے پی حکومت کے سڑک کی توسیع کے منصوبے کے تحت پیش آیا ہے۔ ان کے رشتہ دار جو اب بھی اسی گھر میں رہ رہے ہیں کا کہنا ہے کہ انہیں نہ کوئی معاوضہ دیا گیا اور نہ ہی رہنے کے لیے کوئی متبادل جگہ فراہم کی گئی۔ محمد شاہد کی بھابی نازنین نے کہا کہ ہمارے پاس رہنے کی کوئی اور جگہ نہیں ہے۔

ان کے کزن مشتاق نے بتایا کہ یہ توڑ پھوڑ اس وقت ہوئی جب خاندان ایک شادی کی تیاری کر رہا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سڑک کی چوڑائی دیگر علاقوں میں 21 میٹر محدود رکھی گئی، مگر ان کے محلے میں اسے 25 میٹر تک بڑھا دیا گیا جس کی وجہ سے انکا گھر زیادہ متاثر ہوا۔ مشتاق نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو خاندان کو سڑکوں پر احتجاج کرنا پڑے گا۔

اترپردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نے اس کارروائی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پدم شری محمد شاہد کا گھر صرف ایک مکان نہیں بلکہ قومی کھیلوں کی وراثت کی علامت ہے۔ بی جے پی حکومت کی یہ حرکت قابل معافی نہیں۔ عوام اس بے عزتی کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔

آزاد سوسائٹی پارٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ چندر شیکھر آزاد نے بھی اس عمل کی مخالفت کی اور کہا کہ حکومت میں نہ انسانیت ہے نہ قومی ہیروز کی عزت۔

یاد رہے کہ محمد شاہد جنہوں نے 1980 کے اولمپکس میں بھارت کو سونے کا تمغہ دلایا تھا 2016 میں انتقال کرگئے تھے۔

Related Posts