لاہور: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف کپتانی کرتے ہوئے ٹی 20 انٹرنیشنل ورلڈ کپ کی تیاری کا اچھا موقع ملا ہے جبکہ پاکستانی ٹیم نے ہمارے خلاف میچ میں ہوم کنڈیشنز کا بہتر استعمال کرکے فتح حاصل کی۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب پاکستان سے شکست کھانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ ٹیم کے کپتان معین علی نے کہا کہ 5ویں ٹی 20 میچ میں شارٹ بالز پاکستانی ٹیم کا مسئلہ قرار نہیں دی جاسکتیں۔ میزبان ٹیم نے ہوم کنڈیشنز کو بہتر طور پر استعمال کیا۔
پانچویں ٹی ٹونٹی میں انگلینڈ کو شکست، پاکستان کو 2-3 کی برتری
مہمان ٹیم کے کپتان معین علی نے پاکستان سے ہار کی وجوہات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ میچ میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے باوجود ٹیم پر کوئی دباؤ نہیں، تاہم موقع ابھی ہاتھ سے گیا نہیں، بقیہ دونوں میچز جیتیں گے اور سیریز اپنے نام کریں گے۔
خیال رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین 7 میچز پر مبنی ٹی 20 سیریز کے پہلے 4 میچز کراچی کے نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوئے جہاں پچ نے بیٹنگ کو سپورٹ کیا اور 1 سے زائد مرتبہ 200 سے زائد اسکور بنائے گئے تاہم لاہور کی پچ بظاہر بولنگ کو سپورٹ کر رہی ہے۔
گزشتہ شب کھیلے گئے سیریز کے پانچویں میچ میں لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں قومی ٹیم 20 اوور پورے نہ کھیل سکی اور 145 رنز پر پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی جبکہ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو بھی پاکستان نے 20 اوورز میں صرف 139رنز ہی بنانے دئیے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








