اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان معین خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایشیا کپ سے باہر ہونے سے بچنے کیلئے سری لنکا کو اچھے مارجن سے شکست دینا ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سابق وکٹ کیپر بیٹسمین اور قومی ٹیم کے کپتان معین خان نے نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو اپنی خامیوں کا جائزہ لینا چاہئے، ہمیں پہلے بیٹنگ کرنی چاہئے تھی، بابر اعظم ٹاس جیت گئے، تاہم پہلے بولنگ سامنے لانا ایک غلطی تھی۔
ٹیم مینجمنٹ نے شاہنواز دھانی اور زمان خان کو سری لنکا بلوا لیا
گفتگو کے دوران معین خان نے کہا کہ بھارت کے معمولی بولرز بھی پاکستان کیلئے خطرناک ثابت ہوئے، محسوس ایسا ہوتا ہے کہ قومی ٹیم یہ سوچ کر کھیلنے کیلئے آئی تھی کہ بارش ہوجائے گی اور پاکستان اور بھارت دونوں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا جائے گا۔
سابق کپتان معین خان نے کہا کہ فی الحال ہمیں پریشان نہیں ہونا چاہئے، ابھی ایشیا کپ کے میچز کھیلنے ہیں۔ پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ سری لنکا کو طویل مارجن سے شکست دے، بصورتِ دیگر قومی کرکٹ ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت سے طویل مارجن سے شکست ہوئی جس میں بھارتی کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور کے ایل راہل سمیت دیگر کھلاڑیوں کا اہم کردار رہا۔ معین خان نے کہا کہ عبداللہ شفیق امام الحق یا فخر زمان کی جگہ اوپنر کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








