کراچی میں جاری شدید مون سون بارشوں نے ریلوے نظام کو شدید متاثر کیا ہے جس کے باعث ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاکستان ریلوے کے مطابق مسلسل بارشوں کے سبب پٹریوں پر پھسلن پیدا ہو گئی ہے اور خراب موسم نے ٹرین آپریشنز کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ بہاؤالدین زکریا ایکسپریس ایک گھنٹہ پندرہ منٹ تاخیر سے شام 7:30 بجے روانہ ہوگی جبکہ فرید ایکسپریس ساڑھے چار گھنٹے تاخیر کے بعد رات 12 بجے روانہ کی جائے گی۔
شاہ حسین ایکسپریس کا نیا وقت رات 10 بجے مقرر کیا گیا ہے جو اپنے اصل وقت سے ایک گھنٹہ تاخیر کا شکار ہے۔ سکھر ایکسپریس دو گھنٹے تیس منٹ کی تاخیر سے رات 1 بجے روانہ ہوگی، اور خیبر میل ڈیڑھ گھنٹے تاخیر سے رات 11:45 بجے چلائی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی کی پیش گوئی کی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد سے زیادہ اور درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب رہنے کا امکان ہے۔
ان بارشوں نے نہ صرف ریلوے نظام کو متاثر کیا ہے بلکہ شہر میں کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے جیسے افسوسناک واقعات میں قیمتی جانوں کا ضیاع بھی ہوا ہے۔
ریلوے حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل ریلوے ہیلپ لائنز یا قریبی اسٹیشنز سے تازہ ترین معلومات حاصل کر لیں۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسم کی غیر مستحکم صورتحال کے باعث کراچی میں ٹرینوں کی تاخیر کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جبکہ جولائی کے اوائل میں مون سون کی دوسری لہر کی آمد کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کی پہلی بارشوں کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ 26 جون سے 30 جون کے درمیان سورجانی ٹاؤن میں سب سے زیادہ 78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ صدر میں سب سے کم 5 ملی میٹر بارش ہوئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








