اسرائیلی فوج نے غزہ پر بمباری کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 132فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ تازہ بمباری میں ہسپتال، اسکول اور گھر نشانہ بنائے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں ہسپتالوں، اسکولوں اور گھروں پر شدید بمباری کی۔ عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ خان یونس میں حماس کی صیہونی فوج سے جھڑپیں جاری ہیں۔ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے لے کر اب تک 24 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔
مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے تازہ کارروائی میں 5 فلسطینیوں کو شہید جبکہ 5 کو زخمی کردیا۔ 2 گھر مسمار کردئیے گئے۔قابض اسرائیلی فوج نے نابلس یونیورسٹی سے متعدد فلسطینی طلبہ گرفتار کر لیے۔ حماس کی جانب سے جوابی کارروائی کی گئی۔
تل ابیب کے نزدیک یہودی بستی پر حملے کے نتیجے میں 1 اسرائیلی ہلاک جبکہ 18 زخمی ہوئے۔ صیہونی فوج نے حملے کے شبے میں 2فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ غزہ میں شہید 24فلسطینیوں میں ہزاروں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ جنوبی غزہ میں فوجی آپریشن ختم ہونے والا ہے۔ جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ کی قیادت فلسطینیوں کے ہاتھ میں ہوگی۔ غزہ میں فلسطینی آبادی ہے، اس لیے مستقبل میں فلسطینیوں کو ہی حکومت کرنا ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








