کراچی: ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے منظم موٹر سائیکل لفٹرز کا 6 رکنی گروہ پکڑ لیا جس کے قبضے سے 6 موٹر سائیکلز برآمد ہوئیں جبکہ پارٹس خریدنے والا کباڑیہ بھی حراست میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے 28 جون کے روز مکڑ پاڑہ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے منظم 6 رکنی موٹر سائیکل لفٹرز کے گروہ کے ساتھ ساتھ چوری کی گئی موٹر سائیکلز کے پارٹس خریدنے والے کباڑیے کو بھی گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 6 چوری کی گئی موٹر سائیکلز اور 3 چیزز برآمد ہوئے۔
گرفتار ملزمان میں اظہر علی، عبدالرحمان، شہزاد، جیو راج، حذیفہ اورنعمان شامل ہیں جو موٹر سائیکل لفٹرز کے گینگ میں شامل تھے جبکہ محمد علی عرف بھٹو کو بھی حراست میں لیا گیا جو چوری کی گئی موٹر سائیکلز کے پارٹس خریدتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزمان شہر بھر میں موٹر سائیکل لفٹنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان مکڑ پاڑہ کے قریب چوری شدہ موٹر سائیکلز کے پارٹس کھول کر کباڑئیے کو بیچ دیتے تھے۔ چوری کی موٹر سائیکلز میں سے ایک کا نمبر کے ایل ایل 8069 جبکہ دوسری موٹر سائیکل کا نمبر کے ڈی آر 8923 ہے، دونوں موٹر سائیکلز کی چوری سے متعلق مقدمات تھانہ میٹھا در میں درج ہیں۔
مزید 4 موٹر سائیکلز کی چوری کے مقدمات پر معلومات حاصل کی جارہی ہیں جن کے نمبر کے ڈی سی 1973، کے ایف ائی 5590، ایچ ڈی ڈبلیو 7467 اور کے جے زیڈ 5510 ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف پہلے سے درج مقدمات پر تفتیش جاری ہے اور گروہ کے دیگر ساتھیوں کے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی سے لوٹی گئی موٹر سائیکلز کے پرزے بلوچستان میں بیچنے والے گروہ میں شامل باپ اور بیٹے سمیت 3 ارکان کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے رواں ماہ 9 جون کے روز کراچی سے چھینی اور چوری کی گئی موٹرسائیکلز کے پرزہ جات کو بلوچستان میں بیچنے والے گروہ کے 3 کارندوں کو گرفتار کیا جس کیلئے سومارجوکھیو گوٹھ میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا گیا۔
مزید پڑھیں: لوٹی گئی موٹر سائیکلز کے پرزے بلوچستان میں بیچنے والے باپ بیٹا گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








