کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کا جن بے قابو ہوتا جا رہا ہے اور پولیس کی کارکردگی پر ایک بار پھر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
بلوچ کالونی تھانے کی حدود میں واقع محمودآباد نمبر چار کی گلی نمبر 8 اے میں نامعلوم ملزمان نے ایک شہری کی گلی میں کھڑی موٹرسائیکل چرا لی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرِ عام پر آ چکی ہے جس میں چور کو واضح طور پر موٹر سائیکل کا لاک توڑتے، بائیک کو اسٹارٹ کرتے اور فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں ملزم کا چہرہ بھی شناخت کے قابل ہے تاہم تاحال پولیس نے کسی قسم کی گرفتاری یا تفتیش کی پیش رفت ظاہر نہیں کی۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کراچی میں جرائم کی وارداتیں معمول بنتی جا رہی ہیں اور پولیس صرف رسمی کاروائی تک محدود ہے۔ بیشتر کیسز میں ایف آئی آر درج کرنے سے بھی گریز کیا جاتا ہے، جس سے عوام میں مایوسی اور خوف و ہراس بڑھتا جا رہا ہے۔
متاثرہ خاندان نے حکامِ بالا سے مطالبہ کیا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فوری طور پر ملزم کو گرفتار کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








