ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین صحت یاب، چل کر اسپتال سے جانے کی ویڈیو وائرل، کارکنان میں خوشی کی لہر

تازہ ترین

تازہ ترین

MQM Founder Altaf Hussain Recovers, Walks Out of Hospital in Viral Video
ONLINE

ایم کیو ایم کے بانی و قائد الطاف حسین کو طویل علالت کے بعد صحت یاب ہونے پر لندن کے ویلنگٹن نارتھ اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

وہ گزشتہ پندرہ روز سے اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں ان کی حالت میں بتدریج بہتری آئی اور معالجین نے ان کی مکمل جانچ کے بعد اسپتال سے رخصت کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ الطاف حسین کو 9 جولائی 2025 بروز بدھ سانس لینے میں شدید دشواری کے باعث لندن کے بارنیٹ اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

بعد ازاں ان کی طبیعت مزید ناساز ہونے پر 10 جولائی کو انہیں سینٹرل لندن کے معروف ویلنگٹن نارتھ اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ممتاز کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر ڈیوڈ لپکن کی زیر نگرانی گیسٹرو انٹرولوجسٹ، چیسٹ اسپیشلسٹ اور دیگر سینئر ماہرین پر مشتمل ٹیم نے ان کا علاج کیا۔

ویلنگٹن اسپتال میں قیام کے دوران الطاف حسین کے متعدد طبّی ٹیسٹ کیے گئے اور ان کی رپورٹس کی روشنی میں انہیں مخصوص ادویات فراہم کی گئیں۔

بلڈ کاؤنٹ میں کمی اور آئرن کی شدید کمی کے باعث انہیں خون اور آئرن کی بوتلیں بھی لگائی گئیں۔

معالجین نے ان کی حالت میں مسلسل بہتری کا مشاہدہ کیا اور روزمرہ کی بنیاد پر ان کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آخرکار 23 جولائی کی شام ڈاکٹروں کی ٹیم نے انہیں صحتیاب قرار دیتے ہوئے اسپتال سے ڈسچارج کر دیا۔

الطاف حسین کی علالت کی خبر پر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں میں گہری تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی۔ کارکنان و عوام ان کی جلد صحتیابی اور درازی عمر کے لیے دعائیں کرتے رہے۔ ان کی صحتیابی کی اطلاع ملتے ہی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ۔

اسپتال سے رخصتی کے موقع پر الطاف حسین نے انتہائی شفقت اور محبت سے اسپتال کے وارڈ میں خدمات انجام دینے والے تمام ڈاکٹروں، نرسوں، صفائی و کچن عملے، اور دیگر عملے سے ملاقات کی، ان کی بھرپور توجہ اور خدمت پر شکریہ ادا کیا، انہیں گلدستے اور شکریہ کے کارڈ پیش کیے۔

اسپتال کے عملے نے بھی الطاف حسین کی شفقت پر ان کا شکریہ ادا کیا، ان کی صحتیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور نیک تمناؤں کے ساتھ انہیں رخصت کیا۔

ایم کیو ایم کے مرکزی ذرائع کے مطابق الطاف حسین اب اپنی رہائش گاہ پر مکمل آرام کریں گے اور ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق اپنی صحت کا خیال رکھیں گے۔

ان کی صحت یابی کو پارٹی کے لیے نیک شگون قرار دیا جا رہا ہے اور کارکنوں نے ان کی صحت کی بحالی پر شکرانے کے طور پر خصوصی دعائیہ اجتماعات کا اہتمام بھی کیا ہے۔

Related Posts