نئی دہلی: انڈین پریمئر لیگ 2025 کے ایک اہم میچ میں دہلی کیپٹلز نے لکھنؤ سپر جائنٹس کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔
اس فتح میں جہاں مکیش کمار کی شاندار باؤلنگ نے اہم کردار ادا کیاوہیں کپتان کے ایل راہول اور ابھشیک پورل کی نصف سنچریوں نے ہدف کے تعاقب کو آسان بنا دیا۔
لکھنؤ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور ابتدائی دس اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 87 رنز بنائے۔ ایڈن مارکرم اور مچل مارش نے جارحانہ آغاز فراہم کیاتاہم میچ کا پانسہ تب بدلا جب مکیش کمار نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے آئی پی ایل کیریئر کی بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 33 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
مارکرم نے 33 گیندوں پر 52 اور مارش نے 45 رنز بنائے مگر باقی بلے باز دباؤ میں نظر آئے۔ آخری 10 اوورز میں صرف 72 رنز بن سکے۔ کپتان رشبھ پنت غیر معمولی طور پر ساتویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے مقررہ 20 اوورز میں 159 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں دہلی کیپٹلز نے پراعتماد آغاز کیا۔ اوپنر ابھشیک پورل نے 36 گیندوں پر 51 رنز بنائے جبکہ کے ایل راہول نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اکسر پٹیل نے 20 گیندوں پر 34 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو 18ویں اوور میں فتح دلوا دی۔
کے ایل راہول نہ صرف اپنی سابق ٹیم کے خلاف کامیاب رہے بلکہ وہ آئی پی ایل کی تاریخ میں تیز ترین 5000 رنز بنانے والے بلے باز بھی بن گئے انہوں نے یہ سنگ میل صرف 130 اننگز میں عبور کیا۔
اس فتح کے بعد دہلی کیپٹلز نے پوائنٹس ٹیبل پر گجرات ٹائٹنز سے فاصلہ کم کر لیا ہے اور اب نیٹ رن ریٹ پر انحصار کرتے ہوئے ٹاپ پوزیشن کے لیے مد مقابل ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








