کراچی: اللہ اکبر تحریک کراچی کے صدر احمد ندیم اعوان نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کو کھلواڑ بنایا جارہا ہے۔ شہراس وقت بدترین صورتحال سے گزررہاہے۔ سندھ حکومت کسی کو بھی اختیار نہیں دینا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی ایما پرالیکشن ملتوی کرکے کراچی کے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابات کے التوی کو مسترد کرتے ہیں۔کراچی کے عوام مسائل کے حل کیلیے فوری بلدیاتی الیکشن چاہتے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب کراچی میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے احمدندیم اعوان کا کہناتھاکہ سندھ کے حکمران بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اختیارات منتقل کرنا ہی نہیں چاہتے۔
سارے اختیارات دباکربیٹھے ہوئے ہیں۔ نہ خود کام کرتے ہیں اور نہ کسی کو کرنے کا موقع دیتے ہیں۔عوام میں اس وقت انتخابات ملتوی ہونے کی وجہ سے بے چینی ہے۔
کراچی کے عوام صفائی، تعلیم،سڑک، پانی جیسے بلدیاتی مسائل کا حل چاہتے ہیں۔ کراچی کو گندگی کے ڈھیر پر چھوڑا ہواہے۔ کراچی میں بدترین صورتحال ہے، سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں۔اگر حکومت کی اتنی اچھی کارکردگی ہے تو الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟
احمدندیم اعوان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت سیکورٹی نفری کی کمی کا بہانہ بناکر انتخابات سے جان چھڑاناچاہتی ہے۔ کیونکہ یہ شکست سے خوف زدہ ہیں۔ کراچی کواس صورتحال سے دوچارکرنے والوں کو عوام کسی صورت معاف نہیں کریں گے۔
مزید پڑھیں:ضمنی انتخاب، عمران خان کے خلاف این اے 237 میں حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج
سندھ حکومت کے آمرانہ رویے نے شہریوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ الیکشن کمیشن کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔کراچی کے مسائل کا حل بلدیاتی الیکشن ہے۔ الیکشن کمیشن آئین کی پاسداری کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات مقررہ وقت پرکرائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








