انتخابات 15 جنوری کو ہی ہونگے، الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے سندھ حکومت کی کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن 15 جنوری کو ہی کروانے کا فیصلہ کیا۔ سندھ میں 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے سے متعلق الیکشن کمیشن کے ہنگامی اجلاس میں سندھ حکومت کے اقدام پر برہمی کا اظہارکیا گیا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومتیں کوئی بھی بلدیاتی انتخاب کرانا نہیں چاہتیں۔ اسلام آباد بلدیاتی قانون میں ترمیم کا سارا ملبہ الیکشن کمیشن پر ڈالا گیا۔ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے تمام انتظامات مکمل تھے دودن پہلے عین وقت پر سندھ حکومت نے ایسا اقدام کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

بلدیاتی انتخابات ملتوی ہونا جماعت اسلامی کا نہیں بلکہ عوام کا نقصان ہے، حافظ نعیم

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن میں ہونے والے ہنگامی اجلاس میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے بعد کی صورتحال پر بھی غورکیا گیا۔ اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر، ممبران، اسپیشل سیکرٹری، ڈی جی لاء، ڈی جی لوکل گورنمنٹ الیکشن سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔

سندھ حکومت نے گزشتہ روز کراچی، حیدر آباد اور دادومیں 15 جنوری کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا تھا جبکہ نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا تھا۔

Related Posts