اسلام آباد: معروف کشمیری حریت رہنما مشعال حسین ملک نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر وی پی اینز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عائد پابندی ختم کرے تاکہ بھارت کی سوشل میڈیا پر جاری پروپیگنڈا جنگ کا مؤثر جواب دیا جا سکے۔
اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ بھارت سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ایک منظم اور جارحانہ مہم چلا رہا ہے اور اس وقت ہم ایک ایسی معلوماتی جنگ میں داخل ہو چکے ہیں جہاں بھارتی ریاستی مشینری کشمیری تحریک آزادی کو بدنام کرنے میں مصروف ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ صورتحال جنگ کے دہانے پر پہنچ چکی ہے ، ہم خطرناک حد تک تصادم کے قریب ہیں۔ ایسے میں پاکستانی قوم کو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔
مشعال ملک نے پاکستانی عوام سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا، خاص طور پر “ایکس” جیسے پلیٹ فارمز پر بھرپور انداز میں متحرک ہوں تاکہ قومی مؤقف دنیا کے سامنے پیش کیا جا سکے۔
یہ وقت ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر سوشل میڈیا کو بطور ایک مؤثر ہتھیار استعمال کرے اور پاکستان کا مؤقف عالمی برادری تک پہنچائے۔
دوسری جانب پہلگام حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں تیزی آ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات مزید تناؤ کا شکار ہو گئے ہیں۔
پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے اعلان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف نے کی۔
اجلاس میں پہلگام حملے اور مجموعی علاقائی سیکورٹی صورتحال پر غور کیا گیا، اور اس موقع پر قومی سلامتی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا کہ پانی پاکستان کے لیے ایک اہم قومی مفاد ہے، جو 24 کروڑ عوام کی زندگی سے جڑا ہوا ہے، اور اس کی دستیابی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








