اسلام آباد: قومی اسمبلی میں پاک افغان پارلیمانی تعلقات کا اجلاس آج منعقد ہوگا جس کا مقصد دونوں ممالک کے مابین قائم پارلیمانی تعلقات گروپ کی ایگزیکٹو کمیٹی کی تعارفی میٹنگ ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے اہم وزراء، اراکینِ پارلیمان، مشاورت کار اور وزیرِ اعظم کے معاونینِ خصوصی کے ساتھ ساتھ افغانستان میں پاکستان کے خصوصی سفیر اور متعلقہ وفاقی سیکریٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کے انعقاد کا مقصد قومی اسمبلی کے پارلیمانی کردار کو اجاگر کرنے کے جمہوری نظرئیے اور پاک افغان دو طرفہ اور گہرے تعلقات کو فروغ دینا ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے دیگر ممالک کی اسمبلیوں کے ساتھ تعلقات کی مضبوطی کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔ پاک افغان پارلیمانی تعلقات گروپ قومی اسمبلی میں 24 مارچ 2005ء کو قائم ہوا۔
پارلیمانی سرگرمیوں، تعاون اور پاک افغان باہمی تعلقات کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے پاک افغان پارلیمانی تعلقات گروپ بہت فعال رہا ہے۔