لاہور: پنجاب پولیس نے گاڑی کی جعلی پلیٹ نمبر آئی کے 804 لگانے پر ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کو گرفتار کرلیا۔ ٹک ٹاکر کو سابق وزیراعظم عمران خان سے وابستگی مہنگی پڑ گئی۔
ہمدردی کے زعم میں ٹک ٹاکر نے جعلی نمبر پلیٹ والی گاڑی چلائی تو پولیس نے پکڑ لیا۔ ایس ایچ او ڈیفنس لاہور کا کہنا ہے کہ ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا کی گاڑی پر جعلی نمبر پلیٹ تھی، پلیٹ نمبر آئی کے 804 لگانے پر گرفتاری ہوئی۔
ایس ایچ او ڈیفنس لاہور نے کہا کہ ڈیفنس کے مین بلیوارڈ کے قریب ناکے پر چیکنگ کرنے پر پتہ چلا کہ ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی نمبر پلیٹ جعلی ہے۔ پولیس نے ملزم کو موقعے پر گرفتار کرلیا۔ گاڑی نمبر آئی کے 804 قبضے میں لے لی گئی ہے۔
گرفتار ملزم اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی گاڑی قبضے میں لینے کے بعد پولیس نے اپنی مدعیت میں ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا کے خلاف مقدمہ بھی درج کرلیا۔ واضح رہے کہ عمران خان کے ووٹرز اور سپورٹرز کبھی کبھی انہیں قیدی نمبر 804بھی کہتے ہیں۔
شاید اسی مناسبت سے ٹک ٹاکر ندیم نانی والا نے بھی آئی کے (آئی سے عمران اور کے سے خان) 804 کی نمبر پلیٹ لگا کر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا تھا، لیکن جعلی نمبر پلیٹ ہونے کے باعث پولیس حرکت میں آگئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








