کراچی: نادرا اور ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گلبرگ کے درمیان ایک ِ مفاہمت پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے تحت کراچی کے علاقے گلبرگ ٹاؤن میں شہر کا سب سے بڑا اور جدید ترین نادرا میگا سینٹر قائم کیا جائے گا۔
یہ میگا سینٹر نادرا ریجنل ہیڈ آفس کراچی کی نگرانی میں قائم کیا جائے گا جو ہفتے میں چھ دن چوبیس گھنٹے عوام کو سہولیات فراہم کرے گا۔ اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت اور خدمات تک باآسانی رسائی فراہم کرنا ہے۔
یہ مرکز مکمل ایئرکنڈیشنڈ ماحول، مرکزی کولنگ سسٹم اور کشادہ ویٹنگ ایریا سے آراستہ ہوگا تاکہ شہری آرام دہ ماحول میں اپنی خدمات حاصل کر سکیں۔
علاوہ ازیں مرکز میں پاسپورٹ سروسز، تھیلیسیمیا ٹیسٹ، اسلحہ لائسنس، اور سینئر سٹیزنز کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ ضلع وسطی کے رہائشیوں کے لیے زونل دفاتر بھی اسی مرکز میں منتقل کیے جائیں گے تاکہ تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا سکیں۔
یہ نیا میگا سینٹر کراچی کے علاقوں عائشہ منزل، سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، ایف بی ایریا، اور لیاقت آباد کے شہریوں کو جدید، آرام دہ اور تیز تر خدمات فراہم کرے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








