اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اعلان کیا ہے کہ 23 اگست 2025 کو برطانیہ کے مختلف شہروں میں موبائل رجسٹریشن ڈرائیو کا آغاز کیا جائے گا تاکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو شناختی خدمات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔
یہ ڈرائیو برمنگھم کے علاقے بینبری اور مانچسٹر کے علاقے بریر فیلڈ میں قائم کی جائے گی جہاں پاکستانی شہری باآسانی اپنے شناختی کارڈ کی تجدید، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے شناختی کارڈ (نائیکوپ) اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) کے حصول کے لیے سہولت حاصل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق اس موقع پر خواتین کے لیے خصوصی عملہ اور الگ کاؤنٹرز قائم کیے جائیں گے تاکہ وہ با سہولت طریقے سے خدمات حاصل کر سکیں۔
ساتھ ہی نادرا نے اوورسیز پاکستانیوں سے درخواست کی ہے کہ وہ پراسیسنگ کے عمل کو تیز بنانے کے لیے اپنے پرانے شناختی کارڈ یا بی فارم لازمی ساتھ لائیں۔
مزید سہولت کے لیے نادرا نے شہریوں کو پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے استعمال کی ترغیب دی ہے جس کے ذریعے نہ صرف شناختی کارڈ کی تجدید ممکن ہے بلکہ پیدائش اور شادی کی رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ سرکاری ملازمتوں کے لیے آن لائن درخواست دینا بھی آسان ہو گیا ہے۔
نادرا کے مطابق اس اقدام کا مقصد اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خدمات کو مزید جدید اور قابلِ رسائی بنانا ہے تاکہ وہ دنیا کے کسی بھی حصے میں ہوں، اپنی بنیادی ضروریات باآسانی پوری کر سکیں۔
نادرا نے اپنی ویب سائٹ، واٹس ایپ چینل اور آن لائن شکایتی پورٹل کے ذریعے بھی مزید تفصیلات اور شکایات درج کروانے کی سہولت فراہم کی ہے۔
اس سے قبل نادرا نے پشاور کے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ون ونڈو سہولت ڈیسک کو بھی اپ گریڈ کیا تھا جس میں جدید ڈیجیٹل سہولیات شامل کی گئی ہیں تاکہ بیرونِ ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کو مزید آسانیاں فراہم کی جا سکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








