نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کے لیے ایک اور آسانی متعارف کرا دی ہے۔ اب شہری نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے اپنی درخواستوں کا اسٹیٹس باآسانی آن لائن معلوم کر سکتے ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق یہ نیا فیچر درخواست دہندگان کو دفتر جانے کی زحمت سے بچاتا ہے اور سروسز تک رسائی کو مزید سہل بناتا ہے۔ پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر شناختی کارڈ، ب فارم، ایف آر سی سمیت تقریباً تمام اہم دستاویزی سہولیات دستیاب ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ شہریوں کو زندگی میں صرف ایک بار پہلی بار شناختی کارڈ بنوانے کے وقت نادرا دفتر آنا پڑتا ہے اس کے بعد کی تمام اپڈیٹس، تجدید، اور دیگر کارروائیاں ایپ کے ذریعے کی جا سکتی ہیں۔
بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی یہ ایپ انتہائی مفید ثابت ہو رہی ہے کیونکہ وہ بغیر پاکستان آئے اپنی شناختی معلومات اور دستاویزات کی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ یہ ڈیجیٹل اقدام وقت کی بچت، شفافیت اور سہولت کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل ہے جو ادارے کی جدید طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








