نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے انعقاد کیلئے کس ملک کا نام تجویز کیا؟ جانئے

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے انعقاد کیلئے نئے ملک کا نام تجویز کردیا۔

ایشیا کپ کے پاکستان میں انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ آج متوقع ہے، اس ایونٹ کی میزبانی کافی پہلے پاکستان کو دی گئی تھی تاہم جب ایونٹ کا وقت قریب آیا تو بھارت نے نہ صرف اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا بلکہ خود ہی ایشیائی ایونٹ کو کسی دوسرے ملک میں منعقد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

بھارت کے اس اعلان کے بعد چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے میزبانی بچانے کیلیے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا جس کے تحت باقی تمام ٹیموں کے مقابلے پاکستان جبکہ بھارت کے میچز یواے ای میں منعقد کیے جانے تھے، بی سی سی آئی نے اس تجویز کو رد کردیا، جس پر ایک اور تجویز دی گئی جس میں ابتدائی چند میچز پاکستان اور باقی یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

پاکستان میں کرکٹ کھیلنے سے بھارت کے علاوہ کسی اور کو مسئلہ نہیں، نجم سیٹھی

تاہم، اب نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کو انگلینڈ میں منعقد کرنے کی تجویز دی ہے، وہ کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کا انعقاد انگلینڈ میں بھی ہوسکتا ہے، ہم چونکہ اس ٹورنامنٹ کے میزبان ہیں، اس لیے متبادل کے طور پر کسی بھی وینیو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

دوسری جانب ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان میں ایشیائی شوپیس ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ پیر کو متوقع ہے، بھارت پہلے ہی سری لنکا کو ایونٹ کی میزبانی کے خواب دکھا چکا اور اس کی جانب سے بھی واضح کیا جاچکا ہے کہ اگر پاکستان نہیں کھیلا تو اس کے بغیر ہی سری لنکا میں 5 ملکی ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔

Related Posts