آج ملک بھر میں عیدالاضحی نہایت مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جا رہی ہے ، اس موقع پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے پوری قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے خصوصی پیغام بھی جاری کئے ہیں۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے پاکستانی قوم اور دنیا بھر کی امتِ مسلمہ کو عیدالاضحی کی دلی مبارکباد پیش کی ہے اور ایثار، محبت، بھائی چارے اور اتحاد جیسے اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر نے کہاکہ “یہ دن ہمارے دلوں میں ایمان، قربانی، ایثار اور بھائی چارے کی روح کو تازہ کرتا ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ یہ دن ہمارے ملک اور پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ رحمت، اتحاد اور خوشحالی بنائے۔ آمین۔”
صدر زرداری نے مزید کہا کہ عیدالاضحی حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال اطاعت، قربانی اور اللہ کی رضا کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کی یاد ہے۔
انہوں نے کہاکہ “ان عظیم ہستیوں نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے سامنے مکمل اطاعت، خلوص اور ایثار کے ساتھ سرِ تسلیم خم کرکے قربانی کی ایک روشن مثال قائم کی۔
یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اللہ کی رضا کے لیے کوئی بھی قربانی بڑی نہیں، اور ہماری انفرادی و اجتماعی کامیابی صرف اور صرف اس کی اطاعت میں ہے۔”
صدرِ مملکت نے یہ بھی کہا کہ ہمیں حضرت ابراہیم علیہ السلام کی روحِ قربانی اور ایثار سے سبق حاصل کرتے ہوئے اسے اپنی زندگیوں میں شامل کرنا چاہیے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عیدالاضحی کے موقع پر پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھنے کی اپیل کی ہے۔
عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ “میں پاکستانی قوم اور پوری امت مسلمہ کو اس بابرکت موقع اور عظیم اسلامی عبادت حج کی دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔”
انہوں نے کہاکہ “یہ بابرکت ایام حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی بے مثال وفاداری، قربانی اور ایثار کی یاد دلاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کو ان عظیم ہستیوں کی خلوص نیت، اطاعت اور قربانی اس قدر پسند آئی کہ اس عمل کو قیامت تک کے لیے عبادت کا درجہ دے دیا۔”
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پوری پاکستانی قوم اور امتِ مسلمہ کی دعاؤں اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔ آمین۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








