پلاسٹک کی بوتلوں کیخلاف ملک گیر تحریک شروع

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو سوئچ ایشیا

سینیٹ اجلاس میں ملک بھر میں پلاسٹک کی بوتلوں پرپابندی کی تحریک پیش کردی گئی۔

چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت سینیٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے سینیٹر محسن عزیز نے 500 ملی لیٹروالی پلاسٹک کی بوتل کی تیاری پرپابندی لگانے کی تحریک ایوان میں پیش کردی اور کہا کہ پلاسٹک کی بوتلیں ماحول کو تباہ کررہی ہیں۔

نجی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پی ٹی آئی سینیٹرکا کہنا تھاکہ دنیا کے مہذب ملکوں میں اس کا استعمال ذمہ دار عمل کے ساتھ موجود ہے، دنیا میں ہرسال 13ارب بوتلوں کااستعمال ہوتاہے، 2050ء تک پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال اسی طرح چلتا رہا توسمندروں میں مچھلیاں پلاسٹک سے کم ہوجائیں گی، ایک اندازے کے مطابق 40-2035 میں اگر ہمارے مچھیرے جال پھینکیں گے تو پلاسٹک زیادہ آئے گی اور مچھلیاں کم ہوں گی۔

سینیٹر محسن عزیز اس بات سے بھی ایوان کو آگاہ کیا کہ 50-60 ملین پلاسٹک کی بوتلیں روزانہ استعمال ہوتی ہیں جس میں سے255000ٹن ویسٹ ہم اس ملک میں پھینک دیتے ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ کا حوالہ دیتا ہوئے بتایا کہ3.3ملین ٹن پلاسٹک کا کچرا ہم پاکستان میں پھینک دیتے ہیں۔

انہوں نے ایوان میں اس بات کا بھی مطالبہ کیا کہ ملک میں پلاسٹک کی بوتلوں کو کم ہونا چاہیے یا ملک سے اس کا استعمال ختم ہونا چاہیے، پاکستان میں مافیاز موجود ہیں، بڑی کمپنیاں ہیں جو ان بوتلوں کو استعمال کر رہی ہیں۔

سنیٹر شہادت اعوان نے سینیٹر محسن عزیز کی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے ایوان کو بتایا کہ کسی بھی قسم کی پلاسٹک تلف ہونے میں ساڑھے 4 سو سے لیکر ایک ہزار سال تک کا وقت لےلیتا ہے، پاکستان دنیا کے ان 28 ممالک میں شامل ہے جنہوں نے پلاسٹک کے استعمال پر پابندی لگائی ہے۔ ماضی میں پلاسٹک بیگ کے امپورٹر پر 10 لاکھ تک جرمانہ بھی کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیرقانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے ایوان کو بتایا کہ گزشتہ دور میں پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے بطور وفاقی وزیر اس مسئلے پر بڑاکام کیا تھا، ماضی میں سرکاری دفاتر اور وزارتوں میں سختی سے کہہ دیا گیا تھا کہ پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ترک کردیں۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر آج سے پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال ختم کریں تب بھی تقریبا چار سال لگیں گے بوتلوں کو مکمل ختم ہونے میں 2028 تک صرف چھوٹی بوتلوں کو ختم کیا جاسکے گا۔

Related Posts