نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق مون سون کی تیز ہواؤں کے پاکستان کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کی توقع ہے جس سے ملک کے مختلف حصوں میں بڑے پیمانے پر بارشوں کاامکان ہے ۔
بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے شروع ہونے والی مون سون کی یہ لہریں آئندہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع کر دیں گی جو کہ 27 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
کراچی، حیدر آباد، عمرکوٹ، میرپور سمیت سندھ میں آج رات گرج چمک کے ساتھ بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن، تھرپارکر، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، اسلام کوٹ، اور گردونواح کے علاقے بھی متاثر ہونگے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے جنوبی پنجاب کے علاقے روہی اور رحیم یار خان کے ساتھ ساتھ آزاد کشمیر کی وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں موسلادھار سے درمیانے درجے کی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، باجوڑ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، ہنگو، کرم، وزیرستان، بنوں، لکی مروت، اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے علاقوں میںبارش کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ بارشوں کی وجہ سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کرنے اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری ردعمل کو یقینی بنانے کے لیے وسائل کو متحرک کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ بروقت الرٹس اور موسم کی رپورٹس پر گہری نظر رکھنے کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے باخبر رہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








