کراچی: شہر قائد کی ترقی و بحالی کیلئے منصوبہ بندی جاری، کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے حوالے سے فنڈز کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلات سامنے آگئیں، این ڈی ایم اے بھی کراچی کی ترقی کیلئے 7 ارب روپے دیگا۔
ملک کے معاشی مرکز کی بہتری کیلئے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت اگلے تین سالوں میں 739 ارب روپے کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان منصوبوں کی فنڈنگ پی ایس ڈی پی ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سپریم کورٹ فنڈ سے جاری کی جائے گی۔
بین الاقوامی قرض دہندگان سے کراچی تبدیلی منصوبے کے لئے فنڈ لینے کی بھی تجاویز پیش کی گئی ہیں جبکہ وزارت قانون بھی سپریم کورٹ فنڈ کو استعمال کرنے کے لئے عدالت عظمیٰ سے رجوع کرے گی۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ فنڈ کو استعمال نہ کرنے کی صورت میں تکنیکی گرانٹ کے ذریعے فنڈز کا بندوبست کیا جائے گا جبکہ این ڈی ایم اے بھی کراچی تبدیلی منصوبے کے لئے سات ارب روپے فراہم کرے گی۔