بارش کا پانی روکنے کیلئے گھر کے باہر پتھر رکھنے پر جھگڑا، پڑوسی نے پڑوسی کو چھریاں مار مار کر قتل کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فائل فوٹو

کراچی کے علاقے کورنگی داؤد گوٹھ میں بارش کا پانی روکنے کیلئے گھر کے باہر پتھر رکھنے پر جھگڑا، پڑوسی نے پڑوسی کو چھریاں مار مار کر قتل کردیا۔

رپورٹ کے مطابق ابراھیم حیدری کے علاقے کورنگی داؤد گوٹھ میں جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 19 سالہ ہارون ولد فرید عالم کے نام سے کی گئی، مقتول کے پڑوسی کے مطابق مقتول نے اپنے گھر کے سامنے بارش کا پانی روکنے کے لیے پتھر لگائے تھے، جو اس کے پڑوسی احمد کبیر نے اٹھا کر پھینک دیے اور پتھر لگانے والے کو غلیظ گالیاں دیں۔

ہارون کچھ دیر بعد گھر سے باہر نکلا اور دوبارہ پتھر لگا دیے، اسی دوران احمد کبیر بھی اپنے گھر سے نکل آیا اور دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔ ملزم احمد کبیر نے ہارون کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ میں اس سے پہلے بھی قتل کر چکا ہوں، میرے لیے قتل کرنا کوئی مشکل کام نہیں ہے۔

ملزم یہ کہہ کر اپنے گھر میں گیا اور چھری لا کر ہارون کے پیٹ میں گھونپ دی، ملزم نے ہارون کے پیٹ میں چھری سے تین وار کیے، اسی دوران ہارون کے والد آگئے اور سے روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے اس کے والد پر بھی چھری کے چار وار کیے، دو وار کان پر لگے جس سے ان کا کان کٹ کر الگ ہوگیا جبکہ ہاتھ اور سر پر بھی چھری کے وار سے زخم آئے۔

واردات کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا، واقعے کے وقت قاتل کی بیوی گھر پر تھی تاہم جب پولیس وہاں پہنچی تو اس کی بیوی بھی غائب تھی۔

پولیس نے ملزم کے گھر سے آلہ قتل چھری برآمد کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی، مقتول پلاسٹک کی شیٹ کا کام کرتا تھا جبکہ اس کے والد راج مستری ہیں، مقتول چار بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا جبکہ ملزم ماہی گیر ہے جو کھلے سمندر میں جا کر مچھلی کا شکار کرنے کا کام کرتا ہے۔

Related Posts