جامشورو میں گیس کے نئے ذخائر دریافت، پی پی ایل کی تصدیق

تازہ ترین

تازہ ترین

Mari Energies announces oil and gas discovery from Daharki
FILE PHOTO

کراچی: پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل) نے ضلع جامشورو کے کوٹری بلاک نمبر 1 میں نئی گیس کے ذخائر دریافت کرنے کی تصدیق کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ دریافت برکی1 نامی کنویں کی ڈرلنگ کے دوران عمل میں آئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈرلنگ کا آغاز 21 جولائی کو کیا گیا تھا، جس کے بعد کنواں 3 ہزار 392 فٹ کی گہرائی تک کھودا گیا جہاں ہائیڈروکاربن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

مکمل انٹیگریٹی ٹیسٹ کے دوران کنویں سے ابتدائی طور پر 15 لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس پیداوار حاصل ہوئی۔

کمپنی کے مطابق گیس کے بہاؤ میں بہتری کے لیے ایسڈ اسٹیمولیشن ٹریٹمنٹ کیا گیا جس کے بعد پیداوار بڑھ کر 55 لاکھ مکعب فٹ یومیہ تک پہنچ گئی۔ اس وقت کنواں 460 پاؤنڈ فی مربع انچ سے زائد دباؤ پر گیس فراہم کر رہا ہے۔

پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے مزید بتایا کہ کوٹری نارتھ بلاک کے دیگر مقامات پر ممکنہ گیس ذخائر کی تلاش کے لیے بھی تخمینی و تحقیقی عمل شروع کر دیا گیا ہے جو پاکستان میں مقامی توانائی کے وسائل کی دریافت کے حوالے سے ایک اور امید افزا پیش رفت ہے۔

قبل ازیں آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بھی صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میں تیل اور گیس کے مزید ذخائر کی دریافت کا اعلان کیا تھا۔

کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو جاری نوٹس میں بتایا کہ فاقر 1 نامی ایکسپلوریشن کنواں 31 دسمبر 2024 کو کھودا گیا تھا جس کی گہرائی 4 ہزار 185 میٹر ہے۔

او جی ڈی سی ایل کے مطابق کنواں کمپنی کی اپنی ٹیم نے جوائنٹ وینچر پارٹنر کے تعاون سے تیار کیا۔ وائر لائن لاگ نتائج کی بنیاد پر لوئر گورو فارمیشن میں دو ڈرل اسٹیم ٹیسٹ کیے گئے، جن میں بڑے ریتیلے اور نچلی تہوں کے ذخائر کو ہدف بنایا گیا۔

نتائج کے مطابق کنویں سے یومیہ 64 لاکھ مکعب فٹ گیس اور 55 بیرل کنڈینسیٹ حاصل ہوا جبکہ کنویں کا بہاؤ کا دباؤ بالترتیب پہلے ٹیسٹ میں 450 پی ایس آئی اور دوسرے ٹیسٹ میں 850 پی ایس آئی ریکارڈ کیا گیا۔

Related Posts