پی ٹی آئی کی معروف و مقبول ایکٹوسٹ صنم جاوید کی بہن فلک جاوید نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے قرآن پاک اٹھا لیا۔
سوشل میڈیا پر کئی دنوں سے پی ٹی آئی کے کارکنان کے درمیان آپس کی جاری لڑائی میں آج نیا موڑ آگیا ہے، جب صنم جاوید کی بہن فلک جاوید مخالف گروپ کی جانب سے لگائے جانے والے سنگین الزامات کی صفائی دینے کیلئے قرآن پاک ہاتھوں میں اٹھانے پر مجبور ہوئیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کی قید کی طوالت اختیار کرنے کے ساتھ پارٹی میں شدید بے چینی بھی بڑھ رہی ہے جس کے نتیجے میں رہنما اور کارکنان مختلف گروپس میں بٹ کر آپس میں الجھ پڑے ہیں۔
حالیہ دنوں میں دو بڑے گروپ علیمہ خان اور بشریٰ بی بی کے سامنے آئے ہیں، بشریٰ بی بی کے گروپ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس کی پشت پناہی مبینہ طور پر امین گنڈاپور اور صنم جاوید کر رہے ہیں، چنانچہ مخالف گروپ کی جانب سے ان پر شدید الزام تراشی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔
الزام لگانے والے مخالفین کو بیانیہ دینے والے حلف لیں یا معافی مانگیں
— Falak Javaid Khan (@falakjavaidkhan) September 9, 2025
کئی دنوں سے سنگین الزامات جن میں جنسی تعلقات جیسے گھناؤنے الزامات بھی شامل ہیں، لگائے جانے کے بعد اب صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کے صبر کا پیمانہ چھلک گیا ہے۔
فلک جاوید نے جاری صورتحال پر نہایت گھمبیر اور متاسفانہ لہجہ اپناتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ ہاتھوں میں قرآن پاک اٹھائے نظر آرہی ہیں۔
ویڈیو پیغام میں فلک جاوید اپنی بے گناہی کا دعویٰ پیش کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ ان کا کسی گروپ سے کوئی تعلق نہیں ہے، ان کے نزدیک صرف عمران خان کی رہائی اہم ہے۔
الزامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے وہ آبدیدہ ہوتی ہیں اور کہتی ہیں کہ میں اللہ کی کتاب اٹھا کر چیلنج کرتی ہوں کہ ان الزامات کے ثبوت کسی کے سامنے ہیں تو پیش کرے ورنہ الزام اور دشنام کا یہ سلسلہ بند کرکے عمران خان کی رہائی کی تحریک پر ہی توجہ دی جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








