سیاسی نقشہ بدلنے کی خبریں! مولانا فضل الرحمان کی شاہد آفریدی سے ملاقات نے ہلچل مچا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ ایکس)

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جسے دونوں اطراف سے خوشگوار اور باوقار قرار دیا گیا۔

کرکٹر شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنے ایک پیغام میں مولانا فضل الرحمان کی آمد کو اپنے لیے باعثِ فخر اور خوشی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی نے پورے ماحول کو خوشگوار بنا دیا۔

ملاقات کے دوران مختلف امور پر بامقصد اور خوشگوار گفتگو ہوئی جسے میزبان خاندان نے نہایت مفید اور یادگار قرار دیا۔

کرکٹ اسٹار شاہد آفریدی اور ان کے اہلِ خانہ نے مولانا فضل الرحمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس ملاقات کو ایک خوبصورت اور قابلِ قدر لمحہ قرار دیا۔

واضح رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ ہفتے مختلف سیاسی و عوامی سرگرمیوں کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں کیں جن میں سیاسی رہنما، حکومتی شخصیات اور وفود شامل رہے۔

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی اور خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور پاک، چین دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی سیاسی مصروفیات کے دوران کئی وفود نے ان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقاتیں کیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال، آئینی معاملات اور مستقبل کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنی جماعت کے آئندہ سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے مسلسل مشاورت میں مصروف رہے اور مختلف سطح پر ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔

Related Posts