صوبائی وزیر ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے اجرک نمبر پلیٹس سے متعلق کہا ہے کہ اب 14 اگست 2025 تک کسی شہری کا نمبر پلیٹ کی بنیاد پر چالان نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ اعلان شہریوں کی شکایات اور اجرک ڈیزائن نمبر پلیٹس پر پیدا ہونے والے تنازع کے پیشِ نظر کیا۔
وزیرِ ایکسائز مکیش کمار چاؤلہ نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولت کے لیے 14 اگست تک اجرک نمبر پلیٹ نہ ہونے کی وجہ سے کسی گاڑی یا موٹر سائیکل کا چالان نہیں کیا جائے گا البتہ شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد اصل اور منظور شدہ نمبر پلیٹس حاصل کر لیں۔
یہ انکشاف اس وقت سامنے آیا ہے جب کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں اجرک ڈیزائن والی نمبر پلیٹس کا استعمال لازمی قرار دیا جاچکا ہے جس پر پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور کئی شہریوں کے چالان کیے جا چکے ہیں۔
وزیرِ ایکسائز نے بتایا کہ ٹریفک پولیس، محکمہ ایکسائز اور متعلقہ ادارے آئندہ مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت کارروائیاں کریں گے تاکہ شہریوں کو آگاہی بھی ملے اور قانونی عمل بھی متاثر نہ ہو۔
مکیش کمار چاؤلہ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محکمہ ایکسائز کے دفاتر سے اپنی اصل اور قانونی نمبر پلیٹس حاصل کریں تاکہ چالان یا گاڑی کی ضبطی سے بچا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ 14 اگست کے بعد بھرپور مہم چلائی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








