اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے امریکا کو واضح پیغام دے دیا، اُن کا کہنا تھا کہ وہ کسی کے دباؤ میں آ کر اپنے دیرینہ دوست چین کیساتھ اپنے تعلقات کو کم نہیں کرسکتے۔
وزیراعظم عمران خان کا چینی میڈیا کو دیئے گئے ایک اہم انٹرویو میں کہنا تھا کہ پاکستان پر چین سے تعلقات کم کرنے کا امریکی دباؤ غیر منصفانہ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔
امریکا کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چاہے جتنا دباؤ پڑے پاک چین تعلقات میں تبدیلی نہیں آئے گی۔ امریکا نے ”کواڈ” نامی علاقائی اتحاد بنا کر معاملہ پیچیدہ کردیا ہے۔ بھارت کو بھی اسی اتحاد میں شامل کیا گیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کے دباؤ پر آ کر اپنے تعلقات خراب نہیں کرے گا۔پاکستانیوں کے دل میں چینی عوام کی بڑی عزت ہے، مشکل وقت میں ساتھ دینے والے یاد رہتے ہیں۔ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہو رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تجارت کے ذریعے چین کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔ اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان تمام ممالک کیساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے لیکن مغربی طاقتوں کا پاکستان پر کسی ایک اتحاد کو چننے کیلئے دباؤ ڈالنا ٹھیک نہیں ہے۔ہمارے چین کے ساتھ اچھے تعلقات تھے اور مستقبل میں بھی رہیں گے۔
مزید پڑھیں: وزارتِ اطلاعات نے میڈیا اداروں کو 70 کروڑ کے بقایا جات ادا کردئیے۔فواد چوہدری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








