ایس سی او اجلاس، راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہے گی

تازہ ترین

تازہ ترین

میٹرو بس
(فوٹو: اے آر وائی)

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس کے موقعے پر راولپنڈی اسلام آباد میں میٹرو بس سروس بند رہے گی، یہ فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جڑواں شہروں میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت کے تحت 14 سے 17 اکتوبر تک میٹرو بس سروس بند رہے گی۔ میٹرو بس سروس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آج یعنی 13اکتوبر تک ہی میٹرو بس سروس کی خدمات معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

خیال رہے کہ پاکستان میں 15 اور 16 اکتوبر کو شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس ہورہا ہے جس میں مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت شریک ہوں گے جبکہ اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کی سکیورٹی کیلئے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ عالمی تنظیم کے رکن ممالک روس، چین، قازقستان، بیلا روس، تاجکستان، کرغزستان اور ازبکستان کے وزرائے اعظم عالمی اجلاس کے موقعے پر اپنے ممالک کی نمائندگی کریں گے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اپنی نمائندگی کرنے کیلئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا انتخاب کیا ہے۔ ایران کی جانب سے بھی اول نائب صدر ملک کی نمائندگی کے فرائض انجام دیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف مختلف ممالک کے وفود اور سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔

Related Posts