پنجاب کا کوئی بھی وزیر اب سرکاری پیٹرول نہیں لے گا، عطا تارڑ کا اہم اعلان

تازہ ترین

تازہ ترین

صوبائی وزراء کے سرکاری پٹرول کے استعمال پر پابندی عائد
صوبائی وزراء کے سرکاری پٹرول کے استعمال پر پابندی عائد

لاہور: صوبائی وزیر عطا تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت کا کوئی بھی وزیر اب سے سرکاری پٹرول نہیں لے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ پنجاب نے 50 لاکھ ٹن گندم حصول کا ہدف پورا کیا ہے جس کے بعد صوبے کے بارڈرزکی کڑی نگرانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سستا آٹا اسمگل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں آٹے کی قیمت کم کردی گئی ہے تاہم اب  نان بائی ایسوسی ایشن بھی نان روٹی کی قیمت کم کرے۔

صوبائی وزیر عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت گندم کی پیداوار کا ہدف پورا نہیں کر سکی ہے تاہم پنجاب حکومت گندم کی قلت کا شکار صوبوں کی مدد کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: منی لانڈرنگ کیس میں بڑی پیش رفت، ایف آئی اے نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی گرفتاری مانگ لی

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے تمام وزراء نے سرکاری پٹرول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد پنجاب کے وزراء اپنے خرچے سے پٹرول خریدیں گے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے صوبائی وزیروں پرسرکاری پیسے سے پٹرول کے استعمال پر پابندی بھی لگادی گئی ہے۔

انہوں نے گزشتہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے معیشت ٹھیک کرنے کی بجائے سیاسی انتقام لیا ہے اور عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔

عطا تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی نے اپنے دور حکومت میں ملک و قوم کو دیوالیہ کر دیا، انہوں نے دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا اور عثمان بزدار کی رہائشگاہ پر عوام کے پیسے کو بیدردی سے خرچ کیا گیا ۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے سرکاری وسائل کا بےدریغ استعمال کیا اور آج بھی سرکاری اخراجات پر پل رہے ہیں۔

Related Posts