کل سے کوئی رائیڈ بک نہیں ہوگی! پاکستان میں کریم کا سفر آج ختم

تازہ ترین

تازہ ترین

CAREEM IN PAKISTAN
ONLINE

پاکستان میں تقریباً ایک دہائی تک سفری سہولیات فراہم کرنے والی مشہور رائیڈ ہیلنگ کمپنی کریم نے اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے، کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ 18 جولائی 2025 کے بعد ملک بھر میں رائیڈ سروسز دستیاب نہیں ہوں گی۔

کمپنی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ معاشی دباؤ، بڑھتی ہوئی مسابقت اور سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ سے کیا گیا ہے تاہم کریم پاکستان میں مکمل طور پر اپنا آپریشن بند نہیں کرے گی بلکہ مستقبل میں کسی مختلف کردار میں اپنی موجودگی برقرار رکھے گی۔

کریم کی جانب سے پاکستان میں رائیڈ ہیلنگ خدمات کا اختتام 18 جولائی 2025 کو ہوگا۔ اس تاریخ کے بعد صارفین کسی قسم کی سواری بک نہیں کر سکیں گے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے رویٹرز کے مطابق کریم نے بتایا کہ ملک میں جاری معاشی مسائل، سخت مقابلے اور مالی وسائل کی محدود دستیابی نے انہیں یہ مشکل فیصلہ لینے پر مجبور کیا۔

 

ان تمام صارفین کے لیے جن کے کریم والیٹ میں رقم موجود ہے، کمپنی جلد ہی رقوم کی واپسی کے لیے طریقہ کار سے آگاہ کرے گی۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ ہر صارف کی واپسی کا مکمل انتظام کرے گی تاکہ کسی کو نقصان نہ ہو۔

اگرچہ رائیڈ سروسز ختم کی جا رہی ہیں مگر کریم نے واضح کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اپنی موجودگی کو کسی اور کردار میں جاری رکھے گی۔ اس بارے میں مزید تفصیلات آنے والے ہفتوں میں متوقع ہیں۔

کریم کی کسٹمر سروس شاخ کریم کیئر 18 ستمبر 2025 تک فعال رہے گی تاکہ صارفین کے سوالات، شکایات اور رقم کی واپسی جیسے مسائل کا حل فراہم کیا جا سکے۔

کریم نے 2016 میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے اپنی خدمات کا آغاز کیا تھا اور اسے پاکستان میں آن لائن سفری خدمات کی بانی کمپنیوں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ اس نے عوام کو نہ صرف آسان اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کیں بلکہ ہزاروں افراد کو روزگار کے مواقع بھی دیے۔

Related Posts