کراچی:سینئر اداکار نعمان اعجاز نے راولپنڈی ایکسپریس کے نام سے مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر کو حقیقی اسٹار قرار دے دیا۔
سینئر اداکار نعمان اعجاز نے انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں اْن کے ہمراہ شعیب اختر بھی موجود ہیں۔سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر نعمان اعجاز کے پروگرام کی ہے جہاں شعیب اختر نے بطور مہمان شرکت کی۔
نعمان اعجاز نے اپنی پوسٹ کو معنی خیز کیپشن دیتے ہوئے لکھا کہ ’جب آپ کی بینائی کمزور ہونے لگتی ہے اور لوگوں کے ذریعے آپ کے دیکھنے کی صلاحیت مضبوط ہوتی ہے تو آپ بوڑھے ہو جاتے ہیں‘۔
نعمان اعجاز نے شعیب اختر کے حوالے سے لکھا کہ ’حقیقی ستارے کے ساتھ ہونے پر مجھے فخر ہے‘۔اْنہوں نے مزید لکھا کہ اللہ تعالیٰ! شعیب اختر کو مزید کامیابیوں اور نعمتوں سے نوازے‘۔
واضح رہے کہ سابق فاسٹ بولر شعیب اختر سوشل میڈیا پر بہت سرگرم رہتے ہیں، حال ہی میں انہوں نے ورلڈ کپ کے لئے پی سی بی کی جانب سے منتخب کی گئی ٹیم کی سلیکشن پر تنقید بھی کی ہے۔