اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے پی ایم ڈی سی کا پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹیل کالجز کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 8 جولائی تک جواب طلب کر لیا۔
آئندہ سماعت سے پہلے فریقین کو جواب عدالت میں جمع کرانے کا بھی حکم جاری کر دیا ہے۔بدھ کے روز سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویڑن بنچ پر مشتمل جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس غلام احمد قمبرانی نے کی۔
عدالت نے چار پرائیویٹ میڈیکل اور ڈینٹیل کالجز کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کر لیا۔پی ایم ڈی سی کے وکیل افنان کریم کنڈی عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ پی ایم سی کے سارے فیصلے اسی عدالت نے معطل کر دیے تھے۔
میڈیکل اینڈ ڈینٹیل کالجز کی رجسٹریشن کے حوالے سنگل رکنی بینچ نے پی ایم ڈی سی کو اختیار دیا تھا،پی ایم ڈی سی ان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کا دوبارہ معائنہ کریں گے جو کالجز معانۂ کے بعد پی ایم ڈی سی کے معیار پر اتریں گے ان کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔
جو کالجز رجسٹرڈ نہیں تھے ان کے طلبا کو رجسٹرڈ کالجز میں منتقل کریں گے کالجز کا تو حق ہی نہیں حق تو طلبا کا ہے، کیونکہ متاثر طلبا ہوئے ہیں ہم نے تو طلبا کے حق میں بہتر فیصلہ کیا ہے طلبا کا وقت ضائع ہو رہا ہے،عدالت نے سماعت 8 جولائی تک ملتوی کر دی۔