جماعتِ اسلامی نے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے 13 مقامات پر آج دھرنا دینے کا اعلان کردیا، جس کے نتیجے میں عوام کو مختلف مقامات پر آمدورفت میں مشکلات اور ٹریفک جام کا بھی سامنا ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جماعتِ اسلامی نے آج سہ پہر 4 بجے سے کراچی کے 13مقامات پر دھرنوں کا اعلان کیا۔ جماعتِ اسلامی کے سیکریٹری توفیق الدین صدیقی کا کہنا ہے کہ دھرنوں کا مقصد کراچی میں ڈمپرز اور ٹینکرز سے ہونے والے مہلک حادثات کی بڑھتی تعداد کو اجاگر کرنا ہے۔
جے آئی رہنما توفیق الدین صدیقی نے کہا کہ عوام کا خون چوسنے والے ای چالان سسٹم کے خلاف بھی احتجاج ہوگا۔
خیال رہے کہ جماعتِ اسلامی نے جہاں جہاں دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے، ان مقامات میں شاہراہِ فیصل، ایم اے جناح روڈ اور یونیورسٹی روڈ جیسے گنجان آباد ٹریفک کے حامل علاقے شامل ہیں، احتجاج کا مقصد شہر کے انفراسٹرکچر سمیت دیگر مسائل کے حل میں حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کرنا بھی ہے۔

جماعتِ اسلامی نے جن مقامات پر دھرنا دینے کا اعلان کیا، ان میں مندرجہ ذیل علاقے خاص طور پر شامل ہیں:
اسٹار گیٹ
ایم اے جناح روڈ
یونیورسٹی روڈ
داؤد چورنگی (کورنگی روڈ)
نورانی کباب ہاؤس (خالد بن ولید روڈ)
تبت سینٹر
موسمیات
پاور ہاؤس چورنگی (نارتھ کراچی)
حب ریور روڈ
پراچہ چوک (شیرشاہ)
حیدری (ڈولمن مال ایریا)
لیاقت آباد نمبر 10 / سہراب گوٹھ
اورنگی ٹاؤن نمبر 5
خیال رہے کہ بیک وقت شہر کے 13 مقامات پر احتجاج اور دھرنے کے باعث بڑے پیمانے پر ٹریفک جام اور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگنے کا خدشہ ہے۔ اس لیے شہریوں کو آج بلا ضرورت سفر سے اجتناب کی ضرورت ہے۔ بصورتِ دیگر متبادل راستوں کو بھی اختیار کیاجاسکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








