راولپنڈی میں مبینہ قبضہ مافیا کے مسلح افراد نے نجی اراضی پر قبضے کی کوشش کی جس میں ناکامی پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں 1 شہری زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ راولپنڈی میں تھانہ چونترہ کی حدود میں جوریاں کے علاقے میں پیش آیا جہاں چک امرال کے رہائشی ملک مدثر بشیر کی اراضی پر قبضے کی کوشش کی گئی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق قربان شاہ نامی قبضہ مافیا کے مبینہ سرغنہ کے ہمراہ 10 مسلح افراد نے راولپنڈی کے علاقے جوڑیاں میں کمرشل اراضی پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر تاجر ملک مدثر پر مسلح افراد نے حملہ کیا۔
شدید فائرنگ کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مارکیٹ میں حجام کا کام کرنے والا عابد حسین نامی شہری زخمی ہوگیا۔ تھانہ چونترہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں لائی جاسکی۔
یہ بھی پڑھیں: بھائی کے ہاتھوں بیوی کے قتل پر ملزم کی فائرنگ، سگا بھائی جاں بحق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








