جی ایچ کیو راولپنڈی میں معرکہ حق کے ایک سال کی تکمیل پر پروقار تقریب جاری ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خطاب کرتے ہوئے معرکہ حق کے ایک سال کی تکمیل پر قوم کو مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق معرکہ حق میں بھارت کو شکست دینے کا ایک سال مکمل ہونے پر جی ایچ کیو راولپنڈی میں پر وقار تقریب کے دوران مہمانِ خصوصی فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب کے دوران ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی یادگارِ شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ تینوں مسلح افواج کے دستوں نے معرکہ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلامی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ آج کا دن ہم سب کیلئے باعثِ افتخار ہے۔ایک سال قبل آج ہی کے دن پاکستان کو ایک بے مثال کامیابی ملی۔ معرکہ حق میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔بھارت خطے میں بالادستی قائم کرنے کے خواب دیکھ رہا تھا۔
خطاب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ دشمن بھول گیا تھا کہ اس کے خواب اس کی صلاحیت سے بڑے ہیں اور دشمن شاید بھول چکا تھا کہ اہل پاکستان اور افواج پاکستان نہ تو پہلے طاقت کے غلبے سے مرعوب ہوئے اور نہ ہی آئندہ کبھی ہوں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا اور باطل مٹنے کیلئے ہی ہوتا ہے۔ پاکستان کے دشمن کو ہر بار شکست سے دوچار کیا گیا۔ یہ دو نظریات کے درمیان فیصلہ کن معرکہ تھا جس میں حق فتح یاب ہوا۔ معرکہ حق کے تمام شہدا کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








