اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن ایک دوسرے کو نوٹسز دے رہی ہے، سورج مغرب سے نکل سکتا ہے لیکن 370کی واپسی تک بھارت کیساتھ تجارت نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں عمران خان خود مہنگائی کی صورتحال کو مانیٹر کریں گے، عمران خان نے مریم کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے صاف انکار کردیاہے۔
ورلڈہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے 20موٹرسائیکلز اور دوایمبولینسز پاکستان کے حوالے کرنے کی ایک مختصرتقریب اسلام آبادمیں ہوئی، اس موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ کا کہناتھاوزیراعظم نے آج زبردست کام کیا، سوالات کے جوابات دیئے ہیں۔
اسلام آباد میں کرونا تیزی سے پھیل رہا ہے ہم سب کو ماسک پہننے چاہئیں،اپوزیشن ایک دوسرے کو ہی نوٹس دے رہی ہے،اسلام آباد کا موسم اچھا ہے آج یہاں کوئی اپوزیشن نہیں ہے،میں کہتا تھا یہ اسلام آباد نہیں آئیں گے، آپ لوگ نہیں مانتے تھے۔
مولانا اور مریم کو اللہ پاک صحت دے،عمران خان نے کہا ہے کہ کابینہ نے کام کرنا ہے، شیخ رشید نے کام کرنا ہے،وزیراعظم بنیادی چیزوں کو رمضان میں خود دیکھیں گے،سورج مغرب سے نکل سکتا ہے جب تک کشمیر پر قبضہ ختم نہیں ہوتا تب تک بھارت سے تجارت نہیں ہو سکتی۔
مہنگائی کے خلاف کریک ڈاون شروع ہو گا،چور سارے اندر جائیں گے،ای سی ایل سے نام نکالنے کے لیے مریم نواز کی کوئی درخواست نہیں آئی،عمران خان سے پوچھا کہ مریم نواز کی درخواست آئے ای سی ایل سے نام نکالنے کی تو وزیراعظم نے صاف انکار کر دیا۔
ایف آئی اے میں بنیادی تبدیلیاں کرنے جا رہے ہیں،منی لانڈرنگ، احتساب کے کیسز کو شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں،جہانگیر ترین کے قریب نہیں صرف عمران خان کے قریب ہوں۔
مجھ سے جہانگیر ترین نے کوئی رابطہ نہیں کیا،آصف زرداری چھاتی کے ساتھ لگا کر تاش کھیلتا ہے،کوئی آر پار نہیں ہو رہا۔پی ڈی ایم چھ ماہ اور تیاری کریں، لاہور کے جلسے کے بعد پی ڈی ایم ٹھس ہو گئی۔