اسلام آباد:پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) ہسپتال میں آکسیجن کے استعمال میں 300گنا اضافہ ہوگیا۔
جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز منہاج السراج کے مطابق پمز اسپتال میں آکسیجن کا استعمال 300 گنا تک بڑھ چکا ہے۔ آکسیجن کا استعمال ہائی فلو آکسیجن کے باعث بڑھا ہے۔
جے ای ڈی منہاج السراج کے مطابق ہائی فلو کورونا مریض کو یومیہ 15 لیٹر آکسیجن درکار ہے، پمز ہسپتال میں 150 مریض ہائی فلو آکسیجن پر ہیں، پمز میں ہائی فلو آکسیجن کے تمام بیڈ بھرچکے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کہ پمز میں کورونا کے 14 مریض ایمرجنسی میں ہیں، اسپتال آنے والوں کو ہائی فلو آکسیجن کی ضرورت ہے، پمز میں موجود 22 کم فلو آکسیجن بیڈز کو ہائی فلو میں تبدیل کررہے ہیں۔
مریضوں کو ہائی پریشر آکسیجن والے میڈیکل آئی سی یو بھی منتقل کیا جا رہا ہے،وینٹی لیٹرز پر موجود 4 مریضوں کو میڈیکل آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز منہاج السراج کے مطابق پمز ہسپتال میں اس وقت 7 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔