وطنِ عزیز پاکستان بھر میں پاک فضائیہ کا قومی دن آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے جس کا مقصد ملکی حفاظت کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے ائیر فورس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے سن 1965ء کی جنگ میں پاکستان کو فاتح بنانے کیلئے اہم کردار ادا کیا اور وطن کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے دشمن کو دھول چٹا دی۔ یومِ فضائیہ کے موقعے پر وطن کیلئے جان دینے والے فضائیہ کے شہداء کو یاد کیا جارہا ہے۔
ہر سال کی طرح آج بھی ملک بھر میں 7 ستمبر کو یومِ فضائیہ کے موقعے پر اہم تقریبات منعقد ہوں گی۔ آج ائیر فورس کے کمسن شہید راشد منہاس کے مزار پر فاتحہ خوانی کی گئی جبکہ نشانِ حیدر کا اعزاز پانے والے راشد منہاس شہید نے وطن کے راز بھارت نہیں جانے دئیے۔
نشانِ حیدر پانے والے کمسن شہید راشد منہاس کے مزار پر ائیر فورس کے چاق و چوبند دستےنے سلامی پیش کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ائیر وائس مارشل عامر شہزاد نے شہید راشد منہاس کی قبر پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
تقریب میں شہید راشد منہاس کے بھائی انجم منہاس نے بھی شرکت کی۔ پی اے ایف کے چاق و چوبند دستے نے شہید راشد منہاس کی قبر پر سلامی دی۔ خیال رہے کہ پاکستان کی تاریخ ایسے ہی واقعات کی مثالوں سے بھرپور ہے جن کے دوران سپاہیوں نے وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔