پاک ترک سکیورٹی فورسز کی مشترکہ کمانڈو مشقیں جناح 13کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں، مشقوں میں دونوں جانب سے انسدادِ دہشت گردی آپریشنز پر خصوصی توجہ دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ کمانڈو اور اسپیشل فورسز کی مشق جناح تیرہ ترکیہ میں کامیابی سے مکمل کر لی گئی، جس میں پاک فوج اور ترک افواج کے دستے شریک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی) آر کے مطابق مشق کا مرکزی محور انسداد دہشتگردی آپریشنز تھا جبکہ تربیتی سرگرمیاں انقرہ اور اسپارٹا کے مقامات پر منعقد ہوئیں۔ مشقوں کے تمام تربیتی اور عسکری سفارتی اہداف کامیابی سے حاصل کیے گئے اور دونوں ممالک کے جوانوں نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کا بہترین عملی مظاہرہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مشقوں کا مقصد انسداد دہشتگردی سے متعلق طریقہ کار اور تکنیک کو مزید بہتر بنانا تھا، جس میں شہری علاقوں میں جنگی حکمت عملی اور آئی ای ڈیز سے نمٹنے کی خصوصی تربیت پر توجہ دی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ مشترکہ مشقیں دونوں برادر ممالک کے درمیان عسکری تعاون اور تعلقات کو مزید فروغ دینے کا باعث ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








