پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو جیت کیلئے 276 رنز کا ہدف دے دیا۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 275 رنز بنائے، بابر اعظم 77 اور امام الحق 72 رنز بناکر نمایاں رہے۔
ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ٹاس جیت کر بابر اعظم کا کہنا تھا پہلے میچ کی پرفارمنس سے مطمئن ہوں، پہلے میچ میں بیٹرز اور بولرز نے اچھا پرفارم کیا تھا۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ دوسرے میچ کے لیے ایک تبدیلی کی گئی ہے اور حسن علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کھیلے گئے پہلے انٹرنیشنل میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی تھی۔