جنوبی افریقہ اور سری لنکا کیخلاف سیریز کیلئے اسکواڈز کا اعلان، بابر اعظم کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی

تازہ ترین

تازہ ترین

Pakistan announces squads for South Africa and Sri Lanka series
FILE PHOTO

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کے روز جنوبی افریقہ اور سری لنکا کے خلاف ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیموں کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔

سابق کپتان بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں واپسی کر رہے ہیں جبکہ سلمان علی آغا کو ٹی ٹوئنٹی اور شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

پی سی بی کے مطابق 15 رکنی ٹی ٹوئنٹی اور 16 رکنی ون ڈے اسکواڈز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بابر اعظم کی واپسی کو قومی ٹیم کی نئی حکمتِ عملی کا حصہ قرار دیا گیا ہے تاکہ آنے والے ہوم سیزن میں ٹیم کا بیلنس اور تجربہ بہتر بنایا جا سکے۔

نوجوان فاسٹ بولر عثمان طارق کو پہلی بار ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ عبدالصمد اور نسیم شاہ کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

ون ڈے اسکواڈ میں فیصل اکرم، حارث رؤف اور حسیب اللہ کو شامل کیا گیا ہے۔ فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ون ڈے ٹیم کے کپتان کے طور پر اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گے۔

ٹیم کی تشکیل میں تجربہ کار کھلاڑیوں اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کا امتزاج رکھا گیا ہے تاکہ آئندہ سیریزوں کے لیے متوازن کمبی نیشن تیار کیا جا سکے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں سلمان علی آغا (کپتان)، عبدالصمد، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، حسن نواز، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد سلمان مرزا، نسیم شاہ، صاحبزادہ فرحان (وکٹ کیپر)، صائم ایوب، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان (وکٹ کیپر)، عثمان طارق جبکہ ریزرو کھلاڑیوں میں فخر زمان، حارث رؤف، صوفیان مقیم شامل ہیں۔

ون ڈے اسکواڈ میں شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، ابرار احمد، بابر اعظم، فہیم اشرف، فیصل اکرم، فخر زمان، حارث رؤف، حسیب اللہ، حسن نواز، حسین طلعت، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان علی آغا شامل ہیں۔

سیریز کا شیڈول:
ٹی ٹوئنٹی سیریز بمقابلہ جنوبی افریقہ: 28 اکتوبر تا یکم نومبر۔

ون ڈے سیریز بمقابلہ جنوبی افریقہ: 4 تا 8 نومبر (فیصل آباد)۔

ون ڈے سیریز بمقابلہ سری لنکا: 11 تا 15 نومبر (راولپنڈی)۔

ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز (پاکستان، سری لنکا، زمبابوے): 17 تا 29 نومبر (راولپنڈی اور لاہور)۔

Related Posts