پاکستان نے غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کا شکار فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے نئے سال کے جشن اور ہر قسم کی دیگر تقریبات پر پابندی عائد کردی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ویڈیو پیغام میں نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے مقبوضہ فلسطین سے اظہارِ یکجہتی کیلئے سالِ نو کی تقریبات پر پابندی عائد کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ سادگی کا مظاہرہ کریں۔
Special Message of Caretaker Prime Minister Anwaar-ul-Haq Kakar. pic.twitter.com/d5LDESJ2P5
— Prime Minister's Office (@PakPMO) December 28, 2023
ویڈیو پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ سال 2024 کی آمد ہے، میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ نئے سال کا سورج ہمارے وطن پاکستان اور پوری دنیا کیلئے امن و آشتی کا پیغام لے کر آئے۔ کشمیر اور فلسطین میں ظلم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔
پیغام میں نگران وزیر اعظم نے کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے میں مظلوم فلسطینیوں اور بچوں کے قتلِ عام اور فلسطینیوں کی نسل کشی پر پاکستان اور پوری امت مسلمہ شدید رنج کے عالم میں ہے۔ غزہ پر 7اکتوبر سے اسرائیل کے حملے جاری ہیں۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 21 ہزار سے زائد نہتے فلسطینی شہید ہوئے جن میں ایک بڑی تعداد معصوم بچوں کی ہے جو 9 ہزار کے لگ بھگ ہے۔ ہم اپنے فلسطینی بھائیوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








